
مولی کا طریقہ کاشت
وقت کاشت:
ستمبر اور اکتوبر مولی کی کاشت کیلئے موزوں ترین ہیں ۔ ان مہینوں میں مولی کی سب اقسام کی کاشت کی جاسکتی ہے۔
زمین کی تیاری :
مولی کی زیادہ پیداوار لینے کیلئے زمین کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ نیچی جگہ پر زیادہ اور اونچی جگہ پر کم پانی بیج کے اگاؤ، بڑھوتری اور پیداوار پر برا اثر ڈالتا ہے ۔ اس لئے زمین میں گہرا ہل یا دو دفعہ عام ہل چلانے کے بعد زمین کو مکمل ہموار کرنا چاہئے ۔ ہو سکے تو لیزر سے لیولنگ کروائی جائے ۔ اس کے بعد 10 تا 15 ٹن مکمل گلی سڑی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے یکساں بکھیر کر زمین میں ملا دینا چاہئے اور ہل چلانے کے ساتھ ساتھ مناسب سہا گہ دے کر یا آخر میں روٹا ویٹر چلا کر زمین کو خوب نرم اور بھر بھرا کر لینا چاہئے ۔
طریقہ کاشت:
مولی کی فصل 75 سینٹی میٹر (اڑھائی فٹ ) کی کھیلیوں کے دونوں کناروں پر کاشت کی جاتی ہے۔ اگر کھیلیاں دستی بنانا مقصود ہوں تو زمین کو سہاگہ دے کر ہموار کرنے کے بعد زمین کو مناسب حصوں (کیاریوں کم و بیش 1 کنال) میں تقسیم کر لیں تاکہ پانی صحیح لگایا جاسکے۔ پھر کھیلیاں بنائیں۔ اگر چوکا سے فصل کاشت کرنا مقصود ہوتو 11تا 14 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر کھیلیوں کے دونوں کناروں پر 3 تا 4 دانوں کا چوکا کریں۔ اگر کیرا کرنا مقصود ہو تو پہلے کھیلیوں کو ہموار کر لیں۔ پھر کسی ، مناسب لکڑی یا انگلی سے دونوں کناروں پر 1.5 تا 1 سینٹی میٹر گہری لائنیں لگا کر 3 تا 2 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر ایک بیج کے حساب سے کیرا کریں۔ یاد رکھیں کہ کیرا نہایت احتیاط سے یکساں کرنا چاہئے ۔
کھادوں کا استعمال:
زمین کی تیاری کے بعد اور کھیلیاں نکالنے سے پہلے موسمی فصل میں ایک بوری ڈی اے پی اور ایس او پی 25 کلوگرام پوٹاش (فی ایکڑ) استعمال کریں۔
اگیتی فصل کی کاشت کیلئے ڈیڑھ بوری ایس او پی استعمال کرنا چاہیے۔ بڑھوتری کے دوران اگیتی فصل میں 20-25 دن بعد اور موسمی فصل میں 40-25 دن بعد جب فصل جڑ بنانا شروع کر دے تو آدھی تا ایک بوری یوریا فی ایکڑ ضرور استعمال کریں اس سے پیداوار بڑھ جائے گی ۔
0 comments
Be the first to comment!
This post is waiting for your feedback.
Share your thoughts and join the conversation.